لندن … برطانیہ، فرانس، جرمنی اور پولینڈ سمیت یورپ بھر میں شدید سردی اور برف باری سے آمد ورفت کے بیشتر راستے بند اور فلائٹس منسوخ کردی گئی ہیں۔جبکہ سڑکوں کو صاف کرنے کیلئے استعمال ہونے والے نمک کی بھی قلت ہوگئی ہے۔شدید برفباری کے باعث یورپ بھر میں فضائی، ریل اور سڑکوں کے ذریعے سفر میں مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔جرمنی کے شہروں برلن اور فرینکفرٹ کے ایرپورٹس سے سینکڑوں پروازیں منسوخ کردی گئیں۔فرانس کے شہر پیرس کے چارلس ڈیگال ایرپورٹ سے بھی پچیس فیصد فلائٹس اپنی منزل کی طرف روانہ نہ ہوسکیں جبکہ برطانیہ اور فرانس کے درمیان چلنے والی زیرسمندر یورواسٹار ٹرین سروس ایک مرتبہ پھر متاثر ہوگئی ہے۔ جنوبی پولینڈ کے اکثر علاقوں میں شدید سردی کے بعد بجلی کی فراہمی منقطع ہے۔ جس سے بسوں اور ٹرینوں کے شیڈول متاثر ہوئے ہیں۔ ادھر برطانیہ کے بیشتر حصے کو برف کی سفید چادر نے ڈھک لیا ہے اور ہرعلاقے کی مقامی انتظامیہ سڑکوں پر پڑی برف کو صاف کرنے کیلئے کوششیں کررہی ہے۔ مگر اس کیلئے استعمال ہونے والے نمک کی کمی کا سامنا ہے۔ جس کے بعد مقامی کونسل حکام نے برف صاف کرنے والے نمک کی سپلائی بہتر بنانے کے اقدامات کیے ہیں۔ شدید سرد موسم نے خصوصأ جنوب مشرقی انگلینڈ کوبری طرح متاثر کیا ہے جہاں مزید سخت سردی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔








